430) اصل ہیرو لوگ

اصل ہیرو لوگ

بندہ فقیر اکثر جامعہ اسلامیہ بنوری ٹاؤن آتا جاتا رہتا ہے، کہ وہاں جا کر ایک روحانی تازگی و سکون کا احساس ہوتا ہے، اور وہاں کے قدیم اساتذہ کرام سے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوتا ہے، اور بندہ فقیر کو وہاں سے محبت اور عقیدت اس وجہ سے بھی ہے، کہ  مجھے اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے جب محض اپنے فضل و کرم سے عیسائیت سے تائب ہو کر دین اسلام قبول کرنے کی توفیق عطاء فرمائ، تو اسی جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے دارالافتاء کے مفتی حضرت مولانا ابوبکر سعید صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے ہاتھ پر دین اسلام قبول کیا اور یہی سے مجھے سند الاسلام بھی دی گئی، بہرحال حسب معمول آج بھی جب جامعہ اسلامیہ بنوری ٹاؤن جانا ہوا تو وہاں میں اکثر بینات کے ناظم اعلیٰ حضرت مولانا فضل حق یوسفی صاحب دامت برکاتہم العالیہ سے خصوصیت سے ملاقات کرتا ہوں، کہ آپ حضرت مولانا محترم شاہ حکیم محمد اختر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز ہیں، اور صاحب نسبت بزرگ ولی اللہ ہیں، اور ان سے ملاقات پر الحمدللہ کام کی باتیں اور بزرگوں کے واقعات اور ملفوظات سننے کو ملے جاتے ہیں، جن کو سن کر دلی اور روحانی سکون ملتا ہے، آج بھی برسبیل تذکرہ حضرت مولانا عبدالرحمٰن یعقوب باوا صاحب دامت برکاتہم العالیہ کا ذکر خیر کرتے ہوئے فرمانے لگے، کہ دفتر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی موجودہ جگہ جس پر کسی زمانے میں چھپرا اور ٹین کی چادریں ہوا کرتی تھیں، اس کی عمارت اور مسجد کے قیام کا سہرا انہی حضرت مولانا عبدالرحمٰن یعقوب باوا صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے سر جاتا ہے، کہ انہوں نے اس کی تعمیر کے لئے انتھک کوششیں کیں، پھر فرمایا کہ ان کے بیٹے مولانا سہیل باوا صاحب بھی ماشاء اللہ اپنے والد صاحب کی طرح بہت فعال کردار ادا کر رہے ہیں، اور ختم نبوت کے مبارک کام میں مصروف عمل ہیں۔ اور فرمایا یہی لوگ اصل ہیرو ہیں۔ حضرت مولانا فضل حق یوسفی صاحب کے منہ سے یہ الفاظ سن کر دل میں خوشی کی ایک لہر سی دوڑ گئی، کہ کیسے اپنے ہمعصر لوگوں کے فضائل بیباکی کے ساتھ بیان کر رہے ہیں، اور ان دونوں باپ بیٹا ( حضرت مولانا عبدالرحمٰن یعقوب باوا صاحب اور ان کے بیٹے مولانا سہیل باوا صاحب) کے دینی خدمات کا اعتراف کر رہے ہیں، بڑے بزرگوں کی یہی شان ہوتی ہے، کہ اپنے سے پہلے اور اپنے ہمعصر لوگوں کی دینی خدمات کا اعتراف کھلے دل سے کرتے ہیں، اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اور یہ بات مشاہدہ کی ہے کہ جو لوگ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے دین اور خصوصاً ختم نبوت کے مبارک کام کے لئے خود کو وقف کر دیتے ہیں، اللہ سبحانہ و تعالیٰ ایسے لوگوں کے فضائل و مناقب دوسروں کی زبان پر جاری فرما دیتے ہیں۔

خالد محمود کراچی

Comments