۔524🌻) بسم اللہ کے مجرب خواص احکام و مسائل

۔1 بہت سے صحابہ وتابعین اور آئمہ مجتہدین کے نزدیک بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ قرآن مجید کی ایک مستقل آیت ہے،لیکن بعض حضرات کے نزدیک سورۂ نمل میں تو ایک آیت کا جز ضرور ہے، کوئی مستقل آیت نہیں، بلکہ دو سورتوں کے درمیان فصل کرنے کے لیے بار بار نازل ہوئی ہے۔ اسی اختلاف کے پیشِ نظر فقہا  ؒ نے یہ احتیاطی حکم دیا ہے کہ تعظیم و تکریم کے جتنے احکام آیاتِ قرآنی کے متعلق ہیں مثلاً بے وضو اس کو چھونا جائز نہیں، ان سب احکام میں بسم اللہ کا وہی حکم ہے جو تمام آیات ِ قرآن کا ہے۔ لیکن اگر کوئی شخص نماز میں قرأت کے بجائے صرف بسم اللہ پر اکتفا کرے تو نماز نہ ہوگی۔ 

(قنطرہ بحوالہ مجتبی ومحیط)

۔2 فقہا کی تصریح ہے کہ تراویح میں ایک مرتبہ پورا قرآن ختم کرنا سنتِ مؤکدہ ہے، یہاں تک کہ ایک آیت بھی چھوٹ گئی تو سنت ادا نہ ہوگی۔ اس لیے امام کو چا ہیے کہ پورے مہینے کی تراویح میں کسی روز کسی جگہ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کو جہرا بھی پڑھ دے تاکہ یہ آیت پڑھنے اور سننے دونوں میں آکر بلا خلافِ قرآن مکمل ہوجائے۔ 

۔3 نماز کی ہر رکعت کے شروع میں فاتحہ سے پہلے بسم اللہ پڑھنا امام ابو یوسف  ؒ اور امام محمد  ؒ اور بہت سے دوسرے آئمہ کے نزدیک واجب ہے۔ امامِ اعظم  ؒ کے نزدیک سنت ہے۔ (شرح منیہ) اسی لیے ہر رکعت میں سورہ فاتحہ سے پہلے بسم اللہ ضرور پڑھنا چاہیے، اکثر لوگ اس سے غافل ہیں۔

۔4 سورۂ فاتحہ کے بعد سورت ملانے سے پہلے بسم اللہ پڑھنا امامِ اعظم  ؒ کے نزدیک سنت نہیں ہے اس لیے ترک اولیٰ ہے، اور امام محمد  ؒ کے نزدیک بھی جہر ی نمازوں میں تو ترک ہی اولیٰ ہے مگر سرّی نمازوں میں پڑھنا اولیٰ ہے۔ (کبری شرح منیہ)

بسم اللہ کے بعض خواصِ مجرّبہ 🏵

 ۔1 ہر مشکل اور حاجت کے لیے:۔۔۔ جو شخص بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کوبارہ ہزار مرتبہ اس طرح پڑھے کہ ہر ایک ہزار پورا کرنے کے بعد درود شریف کم ا ز کم ایک مرتبہ پڑھے اور اپنے مقصد کے لیے دعا مانگے، پھر ایک ہزار اور اسی طرح پڑھ کر مقصد کے لیے دعا کرے، اسی طرح بارہ ہزار پورے کردے تو ان شاء اللہ تعالیٰ ہر مشکل آسان اور ہر حاجت پوری ہوگی۔

۔2 بسم اللہ کے حروف کے عدد سات سو چھیاسی ہیں، جو شخص اس عدد کے موافق سات روز تک متواتر بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھا کرے اور اپنے مقصد کے لیے دعا کیا کرے ان شاء اللہ تعالیٰ مقصد پورا ہوگا۔

۔3 تسخیرِ قلوب: ۔۔۔جو شخص بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کو چھ سو مرتبہ لکھ کر اپنے پاس رکھے تو لوگوں کے دلوں میں اس کی عظمت و عزت ہوگی، کوئی اس سے بدسلوکی نہ کرسکے گا۔

۔4 حفاظت از آفات: ۔۔۔ جو شخص محرم کی پہلی تاریخ کو ایک سو تیرہ مرتبہ پوری بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کاغذ پر لکھ کر اپنے پاس رکھے گا ہر طرح کی آفات و مصائب سے محفوظ رہے گا، مجرب ہے۔

۔5 چوری اور شیطانی اثرات سے حفاظت : ... سونے سے پہلے اکیس مرتبہ پڑھے تو چوری اور شیطانی اثرات سے اور اچانک موت سے محفوظ رہے۔

۔6 ظالم پر غلبہ: ُ۔۔۔ کسی ظالم کے سامنے پچاس مرتبہ پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس کو مغلوب کرکے اس کو غالب کردیں گے۔

۔7 حب کے لیے: ۔۔۔ سات سو چھیاسی مرتبہ پانی پر دم کرکے جس کو پلائے اس کو گہری محبت ہو جائے (ناجائز کاموں میں استعمال کرے گا تو وبال کا خطرہ ہے)۔

۔8 حفاظتِ اولاد: ۔۔۔ جس عورت کے بچے زندہ نہ رہتے ہوں بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کو اکسٹھ مرتبہ لکھ کر تعویذ بنا کر اپنے پاس رکھے تو بچے محفوظ رہیں گے، مجرب ہے۔

۔9 کھیتی کی حفاظت اور برکت کے لیے : ... ایک سو ایک مرتبہ کاغذ پر لکھ کر کھیت میں دفن کردے تو کھیتی تمام آفات سے محفوظ رہے اور اس میں برکت ہو۔

۔10 حکام کے لیے: ۔۔۔ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم کسی کاغذ پر پانچ سو مرتبہ لکھے اور اس پر ڈیڑھ سو مرتبہ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھے، پھر اس تعویذ کو اپنے پاس رکھے تو حکام مہربان ہوجائیں اور ظالم کے شر سے محفوظ رہے۔

۔11 دردِ سر کے لیے: ۔۔۔ اکیس مرتبہ لکھ کر درد والے کے گلے میں یا سر پر باندھ دیں تو دردِ سر جاتا رہے

۔12 ذہن اور حافظہ کے لیے: ۔۔۔ سات سو چھیاسی مرتبہ پانی پر دم کر کے طلوعِ آفتاب کے وقت پئے تو ذہن کھل جائے اور حافظہ قوی ہوجائے ... بسم اللہ کی خاصیات اور برکات بہت زیادہ ہیں، ان میں سے چند بقدرِ ضرورت لکھی گئی ۔۔۔ واللّٰہ المستعان وعلیہ التکلان

مولانا مفتی محمد شفیع صاحب مدظلہٗ

Comments