سیدی حکیم الامت حضرت مولانا تھانوی ؒ نے اپنی کتاب’’زاد السعید‘‘ میں درود شریف کی بعض خصوصیات اور دینی اور دنیوی مقاصد کے حصول میں اس کی برکات مستند روایات سے نقل جاتی ہیں۔
قبولیتِ دعا
۔۱۔حضرت علی مرتضیٰ ؓفرماتے ہیں کہ تمام دعائیں رکی رہتی ہیں جب تک محمد ﷺ اور آپ کی آل پر درود نہ پڑھو۔ (معجم اوسط، طبرانی)۔
۔۲حضرت فاروقِ اعظمؓ فرماتے ہیں کہ دعا آسمان و زمین کے درمیان معلق رہتی ہے، اوپر نہیں جاتی، جب تک اپنے نبیﷺ پر درود نہ پڑھو۔(ترمذی)
مال میں برکت و زیادتی
۔۳حضرت ابو سعید خدری ؓسے روایت ہے کہ جس شخص کو یہ منظور ہو کہ میرا مال بڑھ جائے تو اس کو چاہیے کہ ان الفاظ کے ساتھ درود پڑھا کرے
اللّٰہم صل علی محمد عبدک ورسولک وعلی المؤمنین والمؤمنات والمسلمین والمسلمات
پاؤں سو جانے کا علاج
۔۴حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ کے پاس ایک شخص بیٹھا تھا، اس کا پاؤں سو گیا ۔ آپ نے فرمایا کہ جو شخص تجھ کو سب سے زیادہ محبوب ہو اس کا نام لے۔ اس نے کہا: ’’محمد ﷺ‘‘ اسی وقت سن اتر گئی۔
بھولی ہوئی چیز یاد آجانا
ابو موسیٰ مدینی نے بسندِ ضعیف روایت کیا ہے کہ ارشاد فرمایا رسو ل اللہﷺ نے کہ ’’جب تم کسی چیز کو بھول جاؤ مجھ پر درود بھیجو، وہ چیز یاد آجائے گی ان شاء اللہ تعالیٰ‘‘۔ (فضائل درود وسلام)
خواب میں حضورﷺ کی زیارت
درود شریف کی سب سے زیادہ لذیذ اور شیریں تر خاصیت یہ ہے کہ اس کی بدولت رسولِ کریم ﷺ کی زیارت خواب میں نصیب ہوتی ہے۔ درود شریف کی کثرت سے عموماً یہ دولت حاصل ہو جاتی ہے، اور بعض درودوں کو بالخصوص بزرگوں نے آزمایا ہے۔
شیخ عبد الحق محدث دہلوی ؒ نے کتاب ’’ترغیب اہل السعادت‘ ‘ میں لکھا ہے کہ شبِ جمعہ میں دو رکعات نمازِ نفل پڑھے اور ہر رکعت میں گیارہ بار آیت الکرسی اور گیارہ مرتبہ قل ہو اللہ اور بعد سلام سو بار یہ درود شریف پڑھے، ان شا ء اللہ تعالیٰ تین جمعے نہ گزرنے پائیں گے کہ زیارت نصیب ہوگی، وہ درود شریف یہ ہے
اَللّٰہُمّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ نِ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ وَاٰلِہٖ وَأَصْحَابِہٖ وَسَلِّمْ
نیز شیخ موصوف نے لکھا ہے کہ جو شخص دو رکعات نماز پڑھے، ہر رکعت میں بعد الحمد کے ۲۵ بار قل ہو اللہ اور بعد سلام کے ایک ہزار مرتبہ یہ درود شریف پڑھے دولتِ زیارت نصیب ہوگی ، وہ درود یہ ہے
صَلَّی اللّٰہُ عَلَی النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ
تنبیہ ضروری
مگر اس دولت کے حاصل ہونے کی بڑ ی شرط قلب کا شوق سے پر ہونا اور ظاہری و باطنی گناہوں سے بچنا ہے (فضائل درود وسلام)
نماز، روزے وغیرہ فرائض میں کوتاہی کرنے والے اور حرام و ناجائز کے معاملے میں بے پروائی کرنے والوں کو صرف الفاظ پڑھنے سے یہ دولت حاصل نہیں ہوگی۔ الا ماشا ء اللہ
عالمِ بیداری میں زیارت
شیخ عبد الوہاب شعرانی ؒ نے چند بزرگوں کی حکایات لکھی ہیں کہ ان کو بارہا رسولِ کریم ﷺ کی زیارت بے داری میں کھلی آنکھوں ہوئی ہے۔ شیخ جلال الدین سیوطی ؒ صاحبِ ’’جلالین‘‘ کو ۳۵ مرتبہ یہ دولتِ عظمیٰ بیداری میں نصیب ہوئی، ان بزرگوں سے اس کا سبب پوچھا گیا تو بتلایا کہ درود شریف کی کثرت اس کا سبب ہے۔ (انتہی)
مگر یہ ظاہر ہے کہ اس مقامِ بلند تک پہنچنے کے لیے زبانی جمع خرچ کافی نہیں ، دل میں رسولِ کریم ﷺ کی پوری محبت اور زیارت کا شوق ہونا اور ظاہری و باطنی گناہوں سے بچنا ضروری ہے، جیسا کہ ان حضرات کا حال تھا، اللہ تعالیٰ ہم سب کو یہ نعمتِ عظمیٰ اپنے فضل سے بطفیل حضرت محمد مصطفی ﷺ نصیب فرمائیں۔
اَللّٰہُمّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ نِ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ وَاٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ أَجْمَعِیْنَ وَبَارِکْ وَسَلِّمْ بِعَدَدِ کُلِّ مَعْلُوْمٍ لَّکَ
برکتِ اسم’’محمد‘‘
اس وقت کتاب کا حوالہ یاد نہیں، مگر متقدمین علماء میں سے کسی نے لکھا ہے اور میرا تجربہ ہے کہ جب بچہ پیٹ میں ہو اس وقت اس کانام محمد رکھ دیا جائے تو وہ بچہ لڑکا ہوگا۔
بندہ محمد شفیع عفا اللہ عنہ
Comments
Post a Comment