عبادات اگر تقدیر کا حصہ ہیں تو پھر جزا و سزا کس معیار پر ہے؟
انسان دنیا میں جو کچھ بھی کرتا ہے یا کرے گا وہ سب اللہ تعالیٰ کے علم اور تقدیر میں ہے، اللہ تعالیٰ سے مخفی کچھ بھی نہیں ہے، اور تقدیر سے مفرّ بھی نہیں ہے، لیکن انسان بالکل مجبور اور بے بس بھی نہیں ہے بلکہ جزوی طور پر کچھ اختیار ہے اور تقدیر میں کیا ہے وہ ہمیں معلوم نہیں ہے ، اس لیے کوشش اور اچھی تدبیر اختیار کرنے کے ہم مکلف ہیں، اللہ تعالی نے اپنی مرضی سے انسان کو عمل کا اختیار دیا ہے ، اگر وہ اللہ کی عبادت کرے گا تو جنت ملے گی اور اگر گناہ کے کام کرے گا تو سزا ملے گی۔
رہی یہ بات کہ انسان کی زندگی سے متعلق ہر ہر چیز کی تفصیل اور اس کی زندگی کا ایک ایک لمحہ لکھا ہوا ہے اور اس کی کیفیت کیا ہے؟
یہ ایک راز ہے، اللہ تعالیٰ نے امتحان لینے کے لئے اس کو چھپا کر رکھا ہے، ہم تقدیر کے بارے میں اس کے مکلف ہیں کہ ہم ایمان رکھیں کہ جو کچھ بھی خیر یا شر ہے وہ سب اللہ کے علم میں ہے، اور تقدیر سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے، اور مسلسل اعمال اور اِصلاحِ اعمال میں لگے رہیں۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کسی شخص نے تقدیر کے بارے میں سوال کیا تو آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: یہ اندھیری راہ ہے، اس پر مت چلو، اس شخص نے دوبارہ سوال کیا تو فرمایا: گہرا سمندر ہے، اس میں مت داخل ہو، اس نےسہ بارہ سوال کیا تو فرمایا: اللہ کا راز ہے جسے اللہ تعالیٰ نے تجھ سے مخفی رکھا ہے؛ لہٰذا اس کی تفتیش و جستجو میں مت پڑو۔
و سأل رجل عليّ بن أبي طالب رضي الله عنه فقال: أخبرني عن القدر؟ قال: طريق مظلم لاتسلكه، و أعاد السؤال فقال: بحر عميق لاتلجه، فأعاد السؤال فقال: سرّ الله قد خفي عليك فلاتفتشه". (مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح 1 / 147)
حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے تقدیر کا ذکر فرمایا جس کا خلاصہ یہ ہے کہ انسان کی تقدیر بالآخر اس پر غالب آتی ہے، تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: حضور ﷺ پھر عمل کی حاجت؟
پھر تو ہم تقدیر پر ہی بھروسہ اور تکیہ نہ کریں؟
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نہیں، عمل کرتے رہو، کیوں کہ ہر ایک کے لیے وہ (راستہ اور طریقہ) آسان کر دیا جاتا ہے، جس کے لیے وہ پیدا کیا گیا ہو۔ یعنی مسلسل نیک عمل کیے جاؤ، امید ہے کہ اسی حالت میں موت آجائے، اور جب خاتمہ بالخیر ہوگیا تو انسان کا بیڑا پار ہوگیا۔
سورۃ الرعد میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا
"يَمْحُو اللّهُ مَا يَشَاءُ وَيُثْبِتُ وَعِندَهُ أُمُّ الْكِتَابِ "[الرعد : 13، 39]
ترجمہ: ’’اللہ جس (لکھے ہوئے) کو چاہتا ہے مٹا دیتا ہے اور (جسے چاہتا ہے) ثبت فرما دیتا ہے اور اسی کے پاس اصل کتاب (لوح محفوظ) ہے
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے زمانے میں شام میں طاعون کی وبا پھیلی اور اس زمانے میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ بھی شام کے سفر پر تھے،حضرت عمر رضی اللہ عنہ وبا زدہ علاقوں کی طرف نہیں بڑھے، بلکہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم سے مشورہ کرنے اور اس بارے میں احادیثِ مبارکہ کا مذاکرہ کرنے کے بعد جلدی واپسی کا فیصلہ فرمایا، تو حضرت ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا
"أتَفِرُّ مِنْ قَدْرِ الله"
ترجمہ:"کیا آپ تقدیر سے بھاگتے ہیں؟
حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس کا جواب دیا
"أفِرُّ مِنْ قَضَاء الله إلی قَدْرِ الله"
ترجمہ: "میں اللہ کی قضا سے اس کی قدر کی طرف بھاگتا ہوں
(ابن سعد، الطبقات الکبری، 3 : 283)
لہذا عبادات ہی خاص نہیں، بلکہ جو امور بھی انسان بجا لاتا ہے، یہ سب تقدیرِ الہٰی کے مطابق ہوتے ہیں، لیکن انسان جمادات اور پتھروں کی مانند چوں کہ مجبور و بے بس نہیں، اس لیے کوشش اور اچھی تدبیر اختیار کرنے اور عبادات کی پابندی کے ہم مکلف ہیں اگر نہ کریں تو گناہ اور سزا کے حقدار بھی ہیں،بہرحال انسان کب کس وقت ، کس جگہ، کیا عمل کرے گا ؟
یہ سب کچھ اللہ تعالی کے علم میں ہے، مگر انسان اس پر مجبور نہیں اور کوشش کا وہ مکلف ہے۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144307101266
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
اگر یہ تقدیر میں اللہ نے بہت پہلے لکھا ہے تو امتحان کیسا ؟
۔(۱) عرض یہ ہے کہ فرض کریں کہ ، ایک آدمی 'الف' نے دوسرے آدمی 'ب' کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، اب کچھ لوگ کہتے ہے کہ یہ سب اللہ نے لکھا تھا،یعنی 'الف' کے ہاتھوں سے 'ب' کا قتل تقدیر میں لکھا تھا۔ اب اگر یہ اللہ نے بہت پہلے لکھا ہے تو یہ دنیا امتحان کیسا ؟
جس کے امتحانی مراحل پہلے سے طے شدہ ہو
۔(۲) ہمارے علاقے میں آجکل بجلی سے مرنے کا حادثات کچھ زیادہ ہوئے ہیں،اکثر لوگ لوکل سٹبلیزر شارٹ ہونے کی وجہ سے مار گیے ۔ اب سوال یہ ہے کہ یہ سٹیبلیزر تیار کرنے والے ناقص انسولیشن استعمال کرنے کی وجہ سے ذمہ دار ہوں گے کہ نہیں؟
لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ پاگل ہوگئے ہو، یہ اللہ کا لکھا ہوا تھا، میں کہتا ہو کہ یہ سٹیبلزر والے کی ذمہ داری بھی ہے کہ یہ کیوں ایسے ناقص انسولیشن استعمال کر رہے ہیں۔
جواب نمبر: 153516
fatwa: 1260-1170/H=11/1438
۔(۱) احکامِ شرعیہ تکلیفیہ پر عمل کرنے اور نہ کرنے میں امتحان ہوتا ہے، قتل کا معاملہ پیش آنے سے پہلے نہ تو الف (قاتل) کو معلوم تھا کہ تقدیر میں لکھا ہوا ہے کہ الف قتل کرے گا، نہ ہی ب کو معلوم تھا کہ تقدیر میں یہ لکھا ہوا ہے کہ الف کے ہاتھوں میرا قتل ہوگا بلکہ دونوں احکامِ شرع پر عمل کے مکلف تھے جتنی جتنی کوتاہی احکام پر عمل کرنے میں ہوئی اتنی اتنی سزا کے دونوں مستحق ہوں گے یہ بھی تقدیر میں لکھا ہوا ہے، تقدیر کے معاملہ میں قیل و قال اور غور خوض سے منع کیا گیا ہے کیونکہ یہ ہلاکت کا راستہ ہے۔
۔(۲) آپ جو یہ کہتے ہیں کہ ”یہ اسٹبلائزر والوں کی ذمہ داری بھی ہے“ یہ صحیح ہے یعنی آپ کی بات درست ہے جو لوگ ایسا کہنے پر آپ کو پاگل بتاتے ہیں ان کا قول غلط ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم ... دارالافتاء ... دارالعلوم دیوبند
Comments
Post a Comment