گلشن ایمان و تقویٰ کربوغہ شریف
خیبر پختونخواہ کے دور افتادہ علاقہ دوابہ کے نواح میں کربوغہ شریف ایک ایسی بستی ھے جو بظاہر بواد غیر ذی ذرع کا منظر پیش کرتی ھے لیکن انوارات و برکات اور فیوض و کمالات کا ایک ایسا منبع ھے جو ھر ایک تشنہ لب کی سیرابی کا مکمل سامان اپنے اندر رکھتی ھے مکہ مکرمہ کی جسکو رب العلمین نے مبارک اور ھدی للعالمین قرار دیا وہاں سے نکلنے والی برکت اور ھدایت کا عکس اور پرتو اگر کوئی دیکھنا چاہئے تو کربوغہ شریف میں دیکھ سکتا ھے مختارالامہ حضرت مفتی سید مختارالدین شاہ صاحب دامت برکاتہم کے وجود مسعود نے اس وادی کو ایمان و تقوی کے نور سے منور کر رکھا ھے اور دنیا بھر سے ایمان و تقوی کے متلاشی اس چشمہ فیض سے اپنی پیاس بجھانے کیلئے جوق درجوق حاضر ھوتے ھیں اس وادی میں داخل ھوتے ھی ایک عجیب ایمانی و ایقانی اور سکینہ و طمانیت کی کیفیت محسوس ھوتی ھے اس مرکز رشد و ھدایت میں داخل ھوتے ھی حضرت کے خدام جس اپنایت اور محبت سے پیش آتے ھیں اور پھر جس محبت اور خلوص کے ساتھ خدمت کرتے ھیں وہ بھی اپنی مثال آپ ھیں اس وقت دنیا بھر سے قریبا پندرہ سو کے لگ بھگ سالکین خانقاہ میں اپنی اصلاح کی خاطر قیام پذیر ھیں اور یہ تعداد رمضان المبارک میں اور بالخصوص آخری عشرہ میں لاکھوں تک پہنچ جاتی ھے لیکن مجال ھے اتنی بڑی تعداد کی خدمت میں کوئی کمی رہ جائے جو کہ بظاہر بہت مشکل ھے لیکن حضرت مفتی صاحب کی یہ زندہ کرامت ھے کہ الحمداللہ ظاہری باطنی ھر طرح کی خدمت و راحت سالکین کو بہم پہنچتی ھے رات تین بجے کے بعد یہ وادی اللہ اللہ کی صداؤں سے جب گونجنا شروع کرتی ھے تو ایسا دلفریب اور روح پرور منظر ھوتا ھے کہ الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں نماز فجر تک یہ سلسلہ متفرق معمولات کے ساتھ جاری رہتا ھے نماز فجر کے بعد سورۂ یاسین اور مجلس ذکر پھر اشراق تک انفرادی معمولات اور اشراق کے بعد ناشتہ اور پھر سالکین کی تعلیمی اور تربیتی نشستوں کا سلسلہ شروع ھو جاتا ھے جو دو ڈھائی گھنٹہ جاری رہتا ھے جس میں حضرت کے مجازین حضرت ھی کی تصنیفات مستقل اسباق کی شکل میں پڑھاتے ھیں اسلام کے پانچوں شعبوں عقائد عبادات معاملات اخلاقیات معاشرت پر مشتمل ضروری تعلیمات سے ھر سالک کو بہرہ ور کیا جاتا ھے پھر کھانا اور بعد نماز ظہر حضرت کی مجلس پر نور ھوتی ھےجس میں درس قران جو کہ مکمل ایک درس معرفت بھی ھوتا ھے حضرت ارشاد فرماتے ھیں اور یہ بھی اس خانقاہ کی ایک امتیازی شان ھے کہ یہاں درس قران بڑی پابندی سے ھوتا ھے اور حضرت خود ارشاد فرماتے ھیں . اس مجلس کی روحانیت بھی الفاظ میں بیان کرنا مجھ جیسے نا اہل کیلئے مشکل ھے اس خانقاہ کی امتیازی خصوصیات میں سے ایک منفرد خصوصیت یہ بھی ھے کہ یہاں تمام مشائخ کے متوسلین پورا سال تربیت کیلئے حاضر ھوتے ھیں بلکہ اکثر مشائخ اپنے مریدین کو خود یہاں تربیت کیلئے بھیجتے ھیں میری معلومات کے مطابق یہ شان امتیازی بھی صرف اسی خانقاہ کو حاصل ھے
بعد نماز عصر درود شریف اور بعد نماز مغرب چھ رکعت اوابین پھر سورۂ واقعہ اور پھر مجلس ذکر ھوتی ھے دوران مجلس آہوں سسکیوں کا ایک ایسا پرسوز ماحول پیدا ھوتا ھے جو سخت سے سخت دل کو بھی پگھلا دیتا ھے اور بے اختیار آنسو رواں ھو جاتے ھیں بعد عشاء سورہ ملک کی تلاوت اور پھر فوراً سلانے کی ترتیب ھوتی ھے کیونکہ رات تین بجے تہجد اور باقی معمولات کیلئے جگا دیا جاتا ھے اس پرفتن مادی دور میں ایسے چشمہ معرفت کا وجود رب العزت کا ایک بہت بڑا انعام ھے اور اھل پاکستان کیلئے ایک بہت بڑی سعادت ھے حضرت مفتی صاحب جیسی نابغہ روزگار شخصیت جو شہرت اور جاہ طلبی سے کوسوں دور اخلاص اور تواضع کا مجسمہ ھے امت مسلمہ کی اصلاح اور تربیت کا درد کڑھن اور تڑپ ایسی کی جس کے تذکرے ھم سیرت اور اکابر کی کتب میں پڑھتے تھے حضرت کا یہ درد اب ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکا ھے اور الحمدللہ پوری دنیا میں مراکز ایمان و تقوی قائم ھو رہے ھیں حضرت بنفس نفیس ھر سال پورے ملک کے مختلف علاقوں کےاصلاحی اور تبلیغی دورے فرماتے ھیں اور اس پیرانہ سالی میں ابر رحمت بن کر پورے ملک کی پیاس بجھانے کی سعی فرماتے ھیں ھر سال اکتوبر میں مرکز دارالایمان کربوغہ میں اصلاحی تبلیغی اجتماع منعقد ھوتا ھے جس میں دنیا بھر سے لاکھوں لوگ اپنی روحانی پیاس بجھانے کیلئے شرکت کرتے ھیں حضرت کو رب العزت نےعلوم ظاہری و باطنی کا جامع بنایا ھے متعدد گران قدر علمی تصنیفات کے ساتھ قران کریم کی ایک بڑی شاندار تفسیر بھی البرھان کے نام سے زیر قلم ھے جس کے کچھ جلدیں زیور طبع سےآراستہ ھو کر اھل علم سے داد تحسین وصول کر چکی ھیں بلا مبالغہ حضرت مفتی صاحب دامت برکاتہم کی شخصیت ایک گوہر نایاب کی حیثیت رکھتی ھے اللہ تعالیٰ ھمیں اور تمام اھل اسلام کو حضرت کی صحیح قدر کرنے کی اور خوب استفادہ کرنے کی سعادت نصیب فرمائے اور تا دیر حضرت کا سایۂ رحمت و عاطفت اس امت پر قائم دائم رکھے (آمین ثم آمین)
از قلم ... مجیب الرحمن
حال نزیل مرکز دارالایمان کربوغہ شریف
المرقوم 7مارچ بروز جمعرات 2024
Comments
Post a Comment