69🌺) اللّٰه پاک موجود ہے (دلیل پر واقعات)



اللّٰه پاک موجود ہے

ایک1:- امام اعظم ابو حنیفہ ؒ ایک دن اپنی مسجد میں تشریف فرما تھے، دہریہ لوگ تلواریں تان کر جماعت کی شکل میں امام ابوحنیفہؒ کے پاس آدھمکے اور وجودِ باری تعالیٰ کے بارے میں سوال کیا تو آپ نے فرمایا کہ میں اس وقت ایک بڑی سوچ میں ہوں، لوگوں نے مجھ سے کہا ہے کہ ایک بہت بڑی کشتی جس میں طرح طرح کا تجارتی سامان ہے، مگر نہ کوئی اس کا نگہبان ہے نہ چلانے والا ہے، مگر اس کے باوجود برابر آجا رہی ہے اور بڑی بڑی موجوں کو خود بخود چیرتی، پھاڑتی گزر جاتی ہے، رُکنے کی جگہ پر رُک جاتی ہے اور چلنے کی جگہ پر چلنے لگتی ہے، نہ کوئی ملاح ہے، نہ منتظم۔ سوال کرنے والے دہریوں نے کہا کہ آپ کس سوچ میں پڑ گئے؟ 

کوئی عقلمند انسان ایسی بات کہہ سکتا ہے کہ اتنی بڑی کشتی نظام کے ساتھ طوفانی سمندر میں آئے جائے، اور کوئی اس کا نگران اور چلانے والا نہ ہو حضرت امام صاحب ؒ نے فرمایا کہ: افسوس تمہاری عقلوں پر کہ ایک کشتی تو بغیر چلانے والے کے نہ چل سکے، لیکن یہ ساری دنیا آسمان و زمین کی سب چیزیں ٹھیک اپنے اپنے کام پر لگی رہیں اور اس کا مالک حاکم اور خالق کوئی نہ ہو؟

 یہ جواب سن کر وہ لاجواب ہو گئے اور حق معلوم کرکے اسلام لائے

 (التفسیر الکبیر، ج:۱، ص: ۳۳۳۔ تفسیر ابن کثیر، ج:۱، ص:۵۹۔ الخیرات الحسان، ص: ۷۹)

 دو 2 ۔ امام مالک ؒ سے ہارون رشید نے پوچھا کہ: اللہ تعالیٰ کے وجود پر کیا دلیل ہے؟ 

آپ نے فرمایا: زبانوں کا مختلف ہونا، آوازوں کا جدا ہونا، لب و لہجہ کا الگ ہونا، ثابت کرتا ہے کہ خدا تعالیٰ ہے۔ (التفسیر الکبیر، ج:۱، ص: ۳۳۴۔ ابن کثیر، ج: ۱، ص: ۵۸)

 تین 3:- امام شافعی ؒ سے وجودِ باری تعالیٰ کے بارے میں سوال کیا گیا کہ تو آپ نے جواب دیا کہ: شہتوت درخت کے سب پتے ایک ہی جیسے ہیں، ایک ہی ذائقہ کے ہوتے ہیں، کیڑے اور شہد کی مکھی اور گائے، بکریاں اور ہرن وغیرہ سب اس کو چاٹتے ہیں، کھاتے ہیں، چگتے ہیں، چرتے ہیں، اسی کو کھا کر کیڑے میں سے ریشم نکلتا ہے، شہد کی مکھی شہد دیتی ہے، ہرن میں مشک پیدا ہوتا ہے، گائے، بکریاں اسے کھا کر مینگنیاں دیتی ہیں، کیا یہ اس امر کی صاف دلیل نہیں کہ ایک ہی پتے میں مختلف خواص پیدا کرنے والا کوئی ہے؟ 

اور اسی کو ہم اللہ تبارک تعالیٰ کہتے ہیں، وہ ہی موجد اور صانع ہے

 (التفسیر الکبیر، ج:۱ ، ص:۳۳۳۔ ابن کثیر، ج: ۱، ص: ۵۷)  

 چار 4:- امام احمد بن حنبل ؒ سے ایک بار وجودِ باری تعالیٰ کے بارے میں سوال کیا گیا تو آپ نے فرمایا کہ: سنو، یہاں ایک نہایت مضبوط قلعہ ہے، جس میں کوئی دروازہ نہیں، نہ کوئی راستہ ہے، بلکہ سوراخ تک نہیں، باہر سے چاندی کی طرح چمک رہا ہے اور اندر سے سونے کی طرح دمک رہا ہے اور اوپر نیچے دائیں بائیں چاروں طرف سے بالکل بند ہے۔ ہوا تک اس میں نہیں جا سکتی ہے، اچانک اس کی ایک دیوار گرتی ہے اور ایک جاندار آنکھوں والا ، کانوں والا بولتا چلتا، خوبصورت شکل والا، پیاری بولی والا، چلتا پھرتا نکل آتا ہے۔ بتاو اس بند اور محفوظ مکان میں اسے پیدا کرنے والا کوئی ہے یا نہیں؟ 

اور وہ ہستی انسانی ہستیوں سے بالاتر اور اس کی قدرت غیر محدود ہے یا نہیں؟ 

آپ کا مطلب یہ تھا کہ انڈے کو دیکھو جو ہر طرف سے بند ہے، پھر اس کی سفید زردی سے پروردگار خالق یکتا جاندار بچہ پیدا کر دیتا ہے، یہ ہی دلیل ہے خدا کے وجود پر اور اس کی توحید پر۔ (التفسیرالکبیر، ج:۱، ص: ۳۳۴۔ ابن کثیر، ج: ۱، ص: ۵۹)

   پانچ 5:- عالمِ اسلام اور اہلِ بیتؓ کی مشہور شخصیت حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ  کے پاس ایک زندیق ملحد آیا اور صانع و خالق کا انکار کرنے لگا۔ امام نے اس کو سمجھانے کی غرض سے سوال کیا کہ: تم نے کبھی سمندر کا سفر کشتی پر کیا ہے؟

 اس نے جواباً کہا: جی ہاں ، پھر امام نے پوچھا کہ: کیا تو نے سمندر کے خوفناک حالات کا بھی کبھی مشاہدہ کیا ہے؟ 

اس نے کہا: جی ہاں! پھر امام نے فرمایا کیسے؟

 ذرا تفصیل تو بتائیں؟ 

اس شخص نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ: ایک دن سمندری سفر کے دوران سخت خوف زدہ طوفانی ہوا چل پڑی، جس کے نتیجہ میں کشتی بھی ٹوٹ گئی اور ملاح بھی ڈوب کر مرگئے۔ میں نے ٹوٹی ہوئی کشتی میں سے ایک تختہ کو پکڑا، لیکن بالآخر سمندری موجوں کی وجہ سے وہ تختہ بھی مجھ سے چھوٹ گیا، بالآخر سمندری موجوں نے مجھے کنارے تک پہنچا دیا۔ یہ سن کر حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ  نے فرمایا کہ پہلے تو سمندری سفر کے دوران سمندری پانی سے گزرنے کے لیے کشتی پر اعتماد کرکے سوار ہوا اور ساتھ ساتھ ملاحوں پر بھی اعتماد کیا، لیکن جب یہ دو نوں ختم ہو گئے تو کشتی کے ایک تختہ پر اعتماد کرکے اپنے آپ کو بچانے کے لیے تو نے اس پر اعتماد کیا، یہ جب سارے سہارے ختم ہوئے تو تونے اپنے آپ کو ہلاکت کے لیے تیار کر لیا۔ اس پر حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ: کیا تو نے اس کے بعد سلامتی کی تمنا کی؟

 کہا کہ: جی ہاں، حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ: اس درد ناک حالت میں سلامتی کی امید کس سے رکھی؟ 

وہ شخص خاموش ہو گیا۔ اس پر حضرت جعفر رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ: اس خوفناک حالت میں تو نے جس سے سلامتی کی اُمید رکھی، یہ ہی تو صانع و خالق ہے، جس نے تجھے غرق ہونے سے بچایا۔ یہ سن کر وہ آپ ؒ کے ہاتھ پر مسلمان ہو گیا

 (التفسیر الکبیر، ج: ۱، ص: ۳۳۳)

چھ 6:- امام اعظم ابو حنیفہ ؒ سے ایک بار وجودِ باری تعالیٰ کے متعلق سوال کیا گیا تو آپؒ نے فرمایا کہ: تم نے یہ نہیں دیکھا کہ والدین کی خواہش یہ ہوتی ہے کہ لڑکا پیدا ہو، لیکن اس کے برعکس لڑکی پیدا ہو جاتی ہے۔ اسی طرح بعض اوقات والدین کی یہ آرزو ہوتی ہے کہ لڑکی پیدا ہو، لیکن اس کے برعکس لڑکا پیدا ہو جاتا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ کوئی ایسی ذات ہے جو والدین کی خواہش کی تکمیل میں مانع ہے اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتی ہے۔ یہ وہی ذات ہے جس کو ہم اللہ تبارک تعالیٰ کہتے ہیں۔ (التفسیر الکبیر، ج:۱، ص: ۳۳۳)

  سات 7:- شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ  وجودِ باری تعالیٰ کے بارے میں لکھتے ہیں کہ: جس دہریہ سے چاہیں پوچھ دیکھئے کہ تمہاری کتنی عمر ہے؟ 

وہ ضرور بیس ، تیس، چالیس، پچاس کوئی عدد یقینی یا تخمینی بیان کرے گا، جس کے معنی یہ ہیں کہ ہم کو موجود ہوئے اتنے برس ہوئے ہیں۔ اب اس سے پوچھئے کہ آیا آپ خود بخود پیدا ہو گئے یا کسی نے تم کو پیدا کیا ہے؟

 اور پھر وہ پید ا کرنے والا ممکن ہے یا واجب؟

 یہ تو ظاہر ہے کہ وہ خود بخود پیدا نہیں ہوا، ورنہ واجب الوجود ہو جاتا،ا ور ہمیشہ پایا جاتا اور پھر معدوم نہ ہوتا۔ جس کا وجود اپنا ہو‘ وہ ہمیشہ رہتا ہے۔ یہ بد یہی بات ہے اور یہ بھی ظاہر ہے کہ اس کا پیدا کرنے والا ممکن نہیں، ورنہ تسلسل لازم آئے گا، اور پھر اس ممکن کے پیدا کرنے والے اور پھر اس کے پیدا کرنے میں کلام کیا جائے اور یہ سلسلہ کسی واجب الوجود کی طرف منتہی مانا جائے گا، جس نے ہم کو اس خوبی اور محبوب کی شان میں پیدا کیا ہے، وہ رب ہے جس کا ہر زمان میں ایک جدا نام ہے اور جب وہ خالق ہے تو اس میں علم، قدرت ، حیات، ارادہ وغیرہ عمدہ صفات بھی ہیں، خواہ وہ عین ذات ہو یا غیر، خواہ لاعین ولاغیر۔ (تفسیر حقانی، ج:۱، ص: ۱۱۲)

اٹھ 8:- کسی بدوی دیہاتی سے وجودِ باری تعالیٰ کے بارے میں سوال کیا گیا تو اس نے کہا کہ: ’’یَا سُبْحَانَ اللّٰہِ اِنَّ البَعْرَۃَ تَدُلُّ عَلَی الْبَعِیْرِ‘‘ زمین پر پڑی ہوئی مینگنیاں اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ یہاں سے اونٹ گزر گیا ہے۔ ’’وَإِنَّ اَثَرَ الأََ قْدَامِ یَدُ لُّ عَلَی المَسِیْرِ‘‘  زمین پر پاوں کے نشانات سے کسی آدمی کے گزرنے کا پتہ چلتا ہے۔ ’’وَالْرَّوْثُ عَلَی الْحَمِیْر‘‘  لید سے گدھے کا پتہ چلتا ہے۔  ’’فَسَمَائٌ ذَاتِ الْأَبْرَاجِ وَأَرْضٌ ذَاتُ فِجَاجِ وَبحَارٌ ذَاتُ الْأَمْوَاجِ، أَلاَ یَدُلُّ عَلٰی ذٰلِکَ؟‘‘  تو کیا برجوں والا آسمان، اور راستوں والی زمین، اور موج مارنے والے سمندر، اللہ تعالیٰ باریک بین اور خبردار کے وجود پر اور توحید پر دلیل نہیں بن سکتے؟ 

 ( التفسیر الکبیر، ج: ۱، ص: ۳۳۴۔ تفسیر ابن کثیر، ج: ۱، ص: ۵۹)

   نو 9:-ایک حکیم سے وجودِ باری تعالیٰ کے بارے میں سوال کیا گیا کہ آپ نے اپنے رب کو کیسے پہچانا؟ 

تو فرمایا کہ : ’’ ہڑ اگر خشک استعمال کی جائے تو اسہال کر دیتی ہے اور اگر تر گیلی نرم کھائی جائے تو اسہال کو روک دیتی ہے۔‘‘ ( التفسیر الکبیر، ج:۱، ص: ۳۳۴)

     دس 10:- ایک حکیم سے سوال کیا گیا کہ آپ نے اپنے رب کو کیسے پہچانا؟

 تو فرمایا کہ شہد کی مکھی کے ذریعہ، وہ اس طرح کہ شہد کی مکھی کی دو طرف ہوتی ہیں: ان میں سے ایک طرف سے تو شہد دیتی ہے اور دوسری طرف  سے ڈنگ مارتی ہے اور یہ شہد حقیقت میں اس ڈنگ کے نتیجہ میں حاصل ہوتی ہے:  ’’عرفتہ بنحلۃ  بأحد طرفیھا تعسل والآخر تلسع والعسل مقلوب اللسع۔‘‘  (التفسیرالکبیر، ج:۱، ص: ۳۳۴)

گیارہ 11۔ بوڑھے آدمی نے اطمینان سے بسم اللّٰه پڑھی اور حجام کی کرسی پر بال کٹوانے کیلئے بیٹھ گیا۔

بوڑھے کے چہرے پر موجود نرم مسکراہٹ سےحجام کو بات چیت کاحوصلہ ہوا ۔ حجام نے کہا

دنیا میں بہت سے مذاہب اللّٰه تعالیٰ کو مانتے ہیں، لیکن میں اللّٰه پاک کے وجود کو نہیں مانتا

مسلمان بوڑھے نے پوچھا کیوں نہیں مانتے ؟

 حجام نےکہا

دنیا میں بہت پریشانیاں، مصیبتیں بدحالی اور افراتفری ہے اگر اللّٰه پاک کا وجود ہوتا تو یہ سب مصیبتیں اور پریشانیاں بھی موجود نہ ہوتیں ۔ بوڑھے نے مسکراتے ہوئے کہا

میں بھی اس دنیا میں حجام کے وجود کو نہیں مانتا ۔ حجام نے پریشان ہوکر پوچھا

کیا مطلب میں آپکی بات نہیں سمجھا

بوڑھے نےحجام کی دکان سےباہر گزرتے ایک گندے اور لمبے بالوں والے شخص کیطرف اشارہ  کرکے کہا کیا تم اس شخص کے لمبے اور گندے بال دیکھ رہے ہو ؟ 

حجام نےکہا . جی ہاں

لیکن اسکا میری بات سے کیا تعلق ؟

 بوڑھے نے نرم لہجے میں کہا

اگر حجام ہوتے تو لمبے اور گندے بالوں والے لوگ بھی نہ ہوتے ۔ حجام نےکہا

ہم موجود ہیں، لیکن ایسے لوگ ہمارے پاس نہیں آتے . بوڑھے نے مسکراتے ہوئے کہا بالکل

اللّٰه تعالیٰ بھی موجود ہے لیکن لوگ ہدایت کیلئے اللّٰه پاک کی طرف رجوع نہیں کرتے

  ماہنامہ بینات جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

Comments