237) اعرابی کے سوالوں کے حکمت بھرے جوابات

اعرابی کے سوالوں کے حکمت بھرے جوابات 

 حضرتِ سیدنا جلال الدین سیوطی شافعی رحمۃُ اللہِ علیہ لکھتے ہیں : حضرتِ سیدنا ابوالعباس مُسْتَغْفِرِی علیہ رحمہ طلبِ عِلْم کے لئے مصر گئے ، وہاں پر انہوں نے حدیث کے بہت بڑے عالم حضرت سیدنا ابو حامد مصری علیہ رحمہ سے حدیثِ خالد بن ولید (رضی اللہ تعالٰی عنہ) سنانے کی درخواست کی تو انہوں نے مجھے ایک سال کے روزے رکھنے کا حکم فرمایا۔ اُن کے اِس حکم پر عمل کے بعد حضرتِ سیدنا ابوالعباس مُسْتَغْفِرِی علیہ رحمہ دوبارہ حاضرِ خدمت ہوئے تو حضرت سیدنا ابو حامد مصری علیہ رحمہ نے اپنی سند سے حدیثِ خالد بن ولید (رضی اللہ تعالٰی عنہ) سنائی۔ چنانچہ حضرت سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ ایک اَعرابی (یعنی عرب کے دیہاتی) نے بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں حاضری دی اور عرض کی: دنیا اور آخرت کے بارے میں کچھ پوچھنا چاہتا ہوں تو رسولِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: پوچھو! جو پوچھنا چاہتے ہو۔

۔۔🌱 عرض کی: میں سب سے بڑا عالم بننا چاہتا ہوں۔

پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اللہ سے ڈرو، سب سے بڑے عالم بن جاؤ گے ۔ 

ُ۔۔🌱 عرض کیا: میں سب سے زیادہ غنی بننا چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: قناعت اِختیار کرو، غنی ہو جاؤ گے۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: میں لوگوں میں سب سے بہتر بننا چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: لوگوں میں سب سے بہتر وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہنچاتا ہو، تم لوگوں کے لئے نفع بخش بن جاؤ۔

۔۔🌱 عرض کیا: میں چاہتا ہوں کہ سب سے زیادہ عدل کرنے والا بن جاؤں۔

ارشاد فرمایا: جو اپنے لئے پسند کرتے ہو وہی دوسروں کے لئے بھی پسند کرو، سب سے زیادہ عادِل بن جاؤ گے۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: میں بارگاہِ الٰہی میں خاص مقام حاصل کرنا چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: ذکرُ اللہ کی کثرت کرو، اللہ تعالیٰ کے خاص بندے بن جاؤ گے ۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: اچھا اور نیک بننا چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کی عبادت یوں کرو گویا تم اسے دیکھ رہے ہو اور اگر تم اسے نہیں دیکھ رہے تو وہ تو تمہیں دیکھ ہی رہا ہے۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: میں کامِل ایمان والا بننا چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: اپنے اخلاق اچھے کر لو، کامل ایمان والے بن جاؤ گے۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: (اللہ تعالیٰ کا) فرمانبردار بننا چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کے فرائض کا اہتمام کرو، اس کے مُطِیع و فرمانبردار بن جاؤ گے۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: (روز قیامت) گناہوں سے پاک ہو کر اللہ تعالیٰ سے ملنا چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: غسلِ جنابت خوب اچھی طرح کا کرو، اللہ تعالیٰ سے اس حال میں ملو گے کہ تم پر کوئی گناہ نہ ہوگا۔ 

 ۔۔🌱 عرض کیا: میں چاہتا ہوں کہ روزِ قیامت میرا حشر نور والوں میں ہو۔

ارشاد فرمایا: کسی پر ظُلْم مت کرو، تمہارا حَشْر نُور والوں میں ہوگا۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھ پر رحم فرمائے۔

ارشاد فرمایا: اپنی جان پر اور مخلوقِ خدا پر رحم کرو ،اللہ تعالیٰ تم پر رحم فرمائے گا۔

۔۔🌱 عرض کیا: گناہوں میں کمی چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: اِستغفار کرو، گناہوں میں کمی ہوگی۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: زیادہ عزت والا بننا چاہتا ہوں۔ 

ارشاد فرمایا: لوگوں کے سامنے اللہ تعالیٰ کے بارے میں شکوہ و شکایت مت کرو، سب سے زیادہ عزت دار بن جاؤ گے۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: رِزْق میں کشادگی چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: ہمیشہ باوضو رہو، تمہارے رزق میں فراخی آئے گی ۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: اللہ و رسول کا محبوب بننا چاہتا ہوں۔

ارشاد فرمایا: اللہ و رسول کی محبوب چیزوں کو محبوب اور ناپسند چیزوں کو ناپسند رکھو۔ 

۔۔🌱 عرض کیا: اللہ تعالیٰ کی ناراضی سے امان کا طلب گار ہوں۔

ارشاد فرمایا: کسی پر غصہ مت کرو، اللہ تعالیٰ کی ناراضی سے امان پا جاؤ گے۔

۔۔🌱 عرض کیا: دعاؤں کی قبولیت چاہتا ہوں۔ 

ارشاد فرمایا: حرام سے بچو، تمہاری دعائیں قبول ہوں گی۔

۔۔🌱 عرض کیا: چاہتا ہوں کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ مجھے لوگوں کے سامنے رُسوا نہ فرمائے۔

ارشاد فرمایا: اپنی شرم گاہ کی حفاظت کرو، لوگوں کے سامنے رُسوا نہ ہوگے۔

۔۔🌱 عرض کیا: چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میری پردہ پوشی فرمائے۔

ارشاد فرمایا: اپنے مسلمان بھائیو کے عیب چھپاؤ، اللہ عَزَّوَجَلَّ تمہاری پردہ پوشی فرمائے گا۔

۔۔🌱 عرض کیا: کون سی چیز میرے گناہوں کو مٹا سکتی ہے؟

ارشاد فرمایا: آنسو، عاجزی اور بیماری ۔

۔۔🌱 عرض کیا: کون سی چیز اللہ عزوجل کے نزدیک سب سے افضل ہے؟

ارشاد فرمایا: اچھے اخلاق، تواضُع، مصائب پر صبر اور تقدیر پر راضی رہنا۔

۔۔🌱 عرض کیا: کون سی برائی اللہ عزوجل کے نزدیک سب سے بڑی ہے؟

ارشاد فرمایا: برے اخلاق اور بُخْل یعنی کنجوسی ۔

۔۔🌱 عرض کیا: اللہ تعالیٰ کے غَضَب کو کون سی چیز ٹھنڈا کرتی ہے ؟ 

ارشاد فرمایا: چپکے چپکے صدقہ کرنا اور صِلہ رحمی۔

۔۔🌱 عرض کیا: کونسی چیز دوزخ کی آگ کو بجھاتی ہے؟

ارشاد فرمایا: روزہ۔

۔۔📚(جامع الاحادیث، ۱۹/۴۰۵، حدیث: ۱۴۹۲۲)

Comments