269) طویل عمر حاصل کرنے کا راز

طویل عمر حاصل کرنے کا راز

 مشہور ظالم حکمران حجاج ثقفی کے زمانہ کے فاضل طبیب "تیاذوق" نے امراض سے بچنے اور طولِ عمر حاصل کرنے کے لیے حسب ذیل ہدایات مُرتب کی تھیں

۔۔١- جب تک معدہ میں پہلا طعام ہو اُس وقت تک دُوسری مرتبہ مت کھاؤ۔

۔۔٢- اُس چیز کو نہ کھاؤ جس کو تمہارے دانت نہ چبا سکیں کیونکہ اسے تمہارا معدہ ہضم نہیں کرسکے گا۔

۔۔٣- کھانے کے دو گھنٹے بعد پانی پینا چاہیے، کھانے کے ساتھ نہیں پینا چاہیے کیونکہ تمام بیماریوں کی جڑ بد ہضمی ہے اور بد ہضمی کھانے پر پانی پینے سے ہوتی ہے۔

۔۔٤- دوسرے روز حمام کرنا چاہیے کیونکہ اس سے جسم کے وہ فُضلات خارج ہوتے ہیں جن تک دوا اور ان کی رسائی نہیں ہو سکتی۔

۔۔٥- خون بڑھانے کی تدابیر کا ہمیشہ خیال رکھو۔

۔۔٦- ہر فصل میں ایک بار قے کردو اور ایک بار مُسہل لو۔

۔۔٧- پیشاب کسی حالت میں مت روکو خواہ سوار ہی کیوں نہ ہو۔

۔۔٨- سونے سے پہلے رفعِ حاجت کرلیا کرو۔

۔۔٩- کثرتِ جماع سے پرہیز رکھو کیونکہ وہ زندگی کو کم کرنے والی ہے۔

۔۔١٠- بوڑھی عورتوں سے قطعاً پرہیز کرو۔ کیونکہ ان کے ساتھ مقاربت ہنگامی مرگ (دفعۃً واقع ہونے والی موت) کا موجب ہوتا ہے۔ اس زمانے کے حاکم نے ان ہدایات کو آبِ زر سے لکھوا لیا تھا ۔ (عيون الأنباء في طبقات الأطباء لابن أبي أصيبعة ص١٨٠)

درازیِ عمر کے سلسلہ میں معروف طبیب "شفاء الملک"  محمد حسن قرشی رحمہ اللہ لکھتے ہیں

۔۔١- کوشش کرو کہ تشویش و اضطراب میں مبتلا نہ ہو کیونکہ افکار انسانی زندگی کے لیے زہر ہیں۔

۔۔٢- اپنے ہاضمہ کو خراب نہ ہونے دو۔

۔۔٣- شراب اور تمباکو سے پوری طرح پرہیز کرو۔

۔۔٤- چائے ، قہوہ اور گوشت کو کم استعمال کرو۔

۔۔٥- روزانہ سَیر اور ہلکی ورزش کرو۔

۔۔٦- شام کو جلدی سو جاؤ اور صبح جلدی بیدار ہو۔

(جامع الحِکمت از شِفاء المُلک محمد حسن قرشی، صفحہ ٢٣٥)

Comments