۔✨ موت سے پہلے مومن کو اللہ تعالیٰ سلام بھیجتے ہیں
ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کسی مومن کی روح قبض کرنا چاہتا ہے تو ملک الموت کو حکم ہوتا ہے کہ اس کو میرا سلام کہنا سو جب ملک الموت اس کی قبض روح کے واسطے آتے ہیں اس سے کہتے ہیں کہ تیرا رب تجھ کو سلام فرماتا ہے (سبحان اللہ کیا دولت ہے ایسی موت پر ہزاروں زندگی قربان)۔ (شرح الصدور)
۔✨ موت کا فرشتہ ہر مسلمان کے ساتھ نرم ہے
رسول اللہ ﷺ سے روایت ہے کہ آپ نے ملک الموت کو ایک انصاری کے سرہانے دیکھا اور فرمایا اے ملک الموت میرے صحابی سے نرمی کرو کہ وہ مومن ہے ملک الموت نے کہا کہ آپ دل خوش رکھیے اور آنکھیں ٹھنڈی رکھیے اور یقین کیجیے کہ میں ہر مسلمان کے ساتھ نرم ہوں ۔ (طبرانی)
۔✨ مومن کی روح نرمی سے نکلتی ہے
براء رضی اللہ عنہ نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی ہے کہ جب مومن کی موت کا وقت آتا ہے تو اس کے پاس فرشتے ایک حریر لے کر آتے ہیں جس میں مشک و عنبر اور ریحان بسا ہوتا ہے اور اس کی روح اس طرح نرمی سے نکل آتی ہے جیسے آٹے سے بال نکل آتا ہے اور اس سے کہا جاتا ہے اے جان جس کو خدا کے حکموں پر اطمینان تھا تو حق تعالیٰ کی رحمت اور سامان عزت کی طرف سے اس حالت میں چل کہ تو اس سے راضی اور وہ تجھ سے راضی پھر جب روح نکلتی ہے تو اسے مشک و ریحان پر رکھ کر اوپر سے وہ حریر لپیٹ دیا جاتا ہے اور علیین کی طرف اس کو لے جاتے ہیں ۔
۔✨ مرتے وقت مسلمان کی خواہش
ابن جریح رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا کہ جب مومن ملائکہ کو دیکھتا ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم تجھ کو پھر دنیا کی طرف واپس کر دیں ... وہ کہتا ہے کہ مقام ہموم و غموم کی طرف ... مجھ کو تو اللہ تعالیٰ کے پاس لے چلو ۔ (شرح الصدور)
Comments
Post a Comment