410) جمعہ کے دن درود شریف پڑھنے کے فضائل


🌺  جمعہ کے دن درود شریف  پڑھنے کے فضائل  🌺

۔🌸 حضرت اَوس ابن اوس رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ کا یہ اِرشاد نقل فرماتے ہیں : بے شک تمہارے دنوں میں سب سے افضل جمعہ کا دن ہے، اِسی میں حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا کیا گیا اور اِسی میں اُن کی روح قبض کی گئی ، اِسی میں قیامت کا نَفخہ اور صَعقہ ہوگا، پس مجھ پر (اس دن میں )کثرت سے درود بھیجا کرو اِس لئے کہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔لوگوں نے کہا : یا رسول اللہ ﷺ ہمارا درود آپ تک کیسے پہنچایا جائے گاحالآنکہ آپ مٹی ہو چکے ہوں گے یا یہ فرمایا  کہ آپ بوسیدہ ہو چکے ہوں گے،آپ ﷺ نے اِرشاد فرمایا: بے شک اللہ تعالیٰ نے زمین پر انبیاء علیہم السلام کے( پاکیزہ) جسموں کے کھانے کو حرا م قرار دیدیا ہے ۔۔۔ (نسائی : 1284)

۔🌸 حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺکا یہ اِرشاد نقل فرماتے ہیں : جمعہ کے دن مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو اِس لئے کہ یہ ”یومِ مشہود“ ہے یعنی اس میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں، اور جو شخص بھی مجھ پر درود پڑھتا ہے تو جب تک وہ اس درود سے فارغ نہ ہو جائے وہ درود مجھ تک پہنچایا جاتا ہے، راوی کہتے ہیں کہ میں نے دریافت کیا کہ موت کے بعد بھی پہنچایا جائے گا ؟آپ ﷺ نے اِرشاد فرمایا: ہاں! موت کے بعد بھی ، اِس لئے کہ اللہ تعالیٰ نے زمین پر انبیاء علیہم الصلوۃ و السلام کے جسموں کو حرام کر دیا ہے ، پس اللہ تعالیٰ کے نبی زندہ ہیں اُس کو رزق بھی دیا جاتا ہے ۔۔۔ (ابن ماجہ:1637)

۔🌸  حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نےنبی کریم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ روشن رات اور روشن دن یعنی شبِ جمعہ اور جمعہ کے دن مجھ پر کثرت سے درود پڑھا کرو ۔۔۔ (شعب الایمان:2772)

۔🌸 حضرت انس رضی اللہ عنہ سے نبی کریم ﷺ کا یہ اِرشاد مَروی ہے: بے شک قیامت کے دن ہر موقع پر  تم میں سے سب سے زیادہ میرے قریب وہ ہوگا جو دنیا میں مجھ پر کثرت سے درود پڑھتا ہوگا۔جس نے جمعہ کے دن اور جمعہ کی شب میں مجھ پر درود بھیجا اللہ تعالیٰ اُس کی سو حاجتیں پوری فرمائیں گےجن میں سے ستر حاجتیں آخرت کی اور تیس حاجتیں دنیا کی ۔ پھر اللہ تعالیٰ اُس درود پر ایک فرشتہ مقرر کر دیتے ہیں جو ا ُس کو میرے پاس قبر شریف میں لے کر آتا ہے اسی طرح جیسا کہ تمہارے پاس ہدایا و تحائف پیش کیے جاتے ہیں ، وہ فرشتہ مجھے اُس درود پڑھنے والے کے نام و نسب اور خاندان کے بارے میں پوری تفصیل بتاتا ہے، پس میں اُسے اپنے پاس روشن اور چمکتے ہوئے صحیفہ میں محفوظ کر لیتا ہوں (شعب الایمان:2773)

۔🌸 حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : جس نے نبی کریم ﷺ پر جمعہ کے دن سو مرتبہ درود پڑھا وہ کل قیامت کے دن اِس حال میں آئے گا کہ اُس کے چہرے پر ایک نور ہوگا جس کو دیکھ کر لوگ (رشک اور حیرت کرتے ہوئے)کہیں گےیہ شخص کون سا عمل کرتا تھا ۔(شعب الایمان:2774)

۔🌸 حضرت علی رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ کا یہ اِرشاد نقل فرماتے ہیں:جس نے مجھ پر جمعہ کے دن سو مرتبہ درود پڑھا وہ قیامت کے دن اِس حال میں آئے گا کہ اُس کے ساتھ ایک بہت بڑا نور ہوگا جس کو اگر ساری مخلوق کے درمیان تقسیم کر دیا جائے تو سب کے لئے کافی ہو جائے  (حِلیۃ الأولیاء :8/46)

۔🌸 حضرت جعفر بن محمد رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں جب جمعرات کا دن ہوتا ہے تو عصر کے وقت اللہ تعالیٰ کچھ فرشتوں کو آسمان سے زمین پر اُتارتے ہیں جن کے پاس سونے کے تختے اور ہاتھوں میں سونے کے قلم ہوتے ہیں ، وہ اُس رات اور دن میں غروبِ شمس تک نبی کریمﷺپر (درود پڑھنے والوں کے)درود لکھتے رہتے ہیں۔

(شعب الایمان : 2775)

Comments