گناہ مٹانے کا اسان راستہ
حضرت ابو ہریرہ ؓ (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں ایسا عمل نہ بتاؤں جس کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ گناہ مٹا دیتا ہے اور اس کے ذریعے جنت میں درجات بلند کر تا ہے ؟
صحابہ نے عرض کیا ... یا رسول اللہﷺ کیوں نہیں ؟ آپ نے فرمایا: تنگی و ناگواری کے باوجود اچھی طرح وضو کرنا، مساجد کی طرف زیادہ چل کر جانا اور (ایک) نماز کے بعد (دوسری)نماز کا انتظار کرنا، پس یہی ’’رباط‘‘ ہے یہی ’’رباط‘‘ (محاذ جنگ پر پڑاؤ) ہے۔ (مسلم)
حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم کسی شخص کو بار بار مسجد کی طرف آتا جاتا دیکھو تو اس کے ایمان کی گواہی دو ... اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اللہ کی مسجدوں کو وہی آباد کرتا ہے جو اللہ اور یوم آخر ت پر ایمان رکھتا ہے(التوبہ۔ ۸) (ترمذی)
نماز کا انتظار کرنے کی فضیلت
۔ حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: تم میں سے کوئی ایک حالت نماز ہی میں رہتا ہے جب تک نماز اسے روکے رکھے کہ اسے اپنے گھر والوں کے پاس واپس جانے میں نماز کے علاوہ کوئی چیز مانع نہ ہو۔ (متفق علیہ)
حضرت ابو ہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: فرشتے تمہارے اس آدمی کے حق میں دعا کرتے رہتے ہیں جو با وضو اسی جگہ بیٹھا رہے جہاں اس نے نماز پڑھی ہے فرشتے کہتے ہیں۔ اے اللہ اسے بخش دے، اے اللہ اس پر رحم فرما۔ (بخاری)
حضرت انس سے روایت کہ رسول اللہﷺ نے ایک رات نماز عشا کو نصف رات تک مؤخر کر دیا پھر آپ نماز پڑھانے کے بعد ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: لوگوں نے نماز پڑھ لی اور وہ سو گئے لیکن تم جب سے نماز کے انتظار میں ہو برابر حالت نماز میں رہے ہو۔ (بخاری)
با جماعت نماز پڑھنے کی فضیلت
حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: با جماعت نماز ادا کرنا، اکیلے نماز پڑھنے سے ستائیس درجے افضل ہے۔ (متفق علیہ)
حضرت ابو ہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: آدمی کی با جماعت نماز اس کی گھر اور بازار میں پڑھی گئی نماز سے پچیس گناہ زیادہ اجر رکھتی ہے۔ وہ اس طرح کہ جب اس نے وضو کیا تو اچھی طرح وضو کیا پھر مسجد کی طرف روانہ ہوا یہ اس کا نکلنا صرف نماز کی خاطر ہو پھر وہ جو قدم اٹھاتا ہے تو اس کی وجہ سے اس کا ایک درجہ بلند کر دیا جاتا ہے اور ایک گناہ معاف کر دیا جاتا ہے پھر جب وہ نماز پڑھتا ہے اور اس کے بعد با وضو اپنی نماز کی جگہ بیٹھا رہتا ہے تو فرشتے اس کے لیے دعائیں کرتے رہتے ہیں وہ کہتے ہیں اے اللہ ... اس پر رحمت نازل فرما اے اللہ اس پر رحم و کرم فرما۔ اور جب تک وہ نماز کے انتظار میں رہتا ہے تو وہ حالت نماز میں رہتا ہے۔ (متفق علیہ)
ریاض الصالحین امام نووی
Comments
Post a Comment