انسانی روح کا وزن 21 گرام 🍇
اس نے نیو یارک کے چند ڈاکٹروں کو ساتھ ملایا اور مختلف طریقے وضع کرنا شروع کر دئیے ‘ یہ لوگ بالآخر ایک طریقے پر متفق ہو گئے۔ ڈاکٹر نزع کے شکار لوگوں کو شیشے کے باکس میں رکھ دیتے تھے‘ مریض کی ناک میں آکسیجن کی چھوٹی سی نلکی لگا دی جاتی تھی اور باکس کو انتہائی حساس ترازو پر رکھ دیا جاتا تھا
ڈاکٹر باکس پر نظریں جما کر کھڑے ہو جاتے تھے‘ مریض آخری ہچکی لیتا تھا‘اس کی جان نکلتی تھی اور ترازو کے ہندسوں میں تھوڑی سی کمی آ جاتی تھی‘ ڈاکٹر یہ کمی نوٹ کر لیتے تھے‘ ان لوگوں نے پانچ سال میں بارہ سو تجربات کئے‘ 2004ءکے آخر میں ٹیم نے اعلان کیا”انسانی روح کا وزن 67 گرام ہوتا ہے“ ٹیم نے اپنی تھیوری کے جواز میں 12 سو انتقال شدہ لوگوں کی ہسٹری بیان کی‘ ٹیم کا کہنا تھا ان کے باکس میں رکھا شخص جوں ہی فوت ہوتا تھا اس کا وزن 67 گرام کم ہو جاتا تھا
لہٰذا وہ بارہ سو تجربات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں انسانی روح کا وزن 67 گرام ہوتا ہے۔ اسی قسم کے تجربات لاس اینجلس کے ایک ڈاکٹر ابراہام نے بھی کئے‘ اس نے انتہائی حساس ترازو بنایا‘ وہ مریض کو اس ترازو پر لٹاتا‘ مریض کے پھیپھڑوں کی آکسیجن کا وزن کرتا اور اس کے مرنے کا انتظار کرتا‘ ڈاکٹر ابراہام نے بھی سینکڑوں تجربات کے بعد اعلان کیا انسانی روح کا وزن 21 گرام ہے
ابراہام نے کہا انسانی روح اس 21 گرام آکسیجن کا نام ہے جو پھیپھڑوں کے کونوں‘ کھدروں‘ درزوں اور لکیروں میں چھپی رہتی ہے‘ موت ہچکی کی صورت میں انسانی جسم پر وار کرتی ہے اور پھیپھڑوں کی تہوں میں چھپی اس 21 گرام آکسیجن کو باہر دھکیل دیتی ہے اور انسانی جسم کے سارے سیل مر جاتے ہیں اور یوں انسان فوت ہو جاتا ہے۔
نیویارک کے ڈاکٹروں کا اندازہ درست ہے یا ڈاکٹر ابراہام کی تحقیق ‘ یہ فیصلہ ابھی باقی ہے تاہم یہ طے ہو چکا ہے انسانی روح کا وزن گراموں میں ہوتا ہے‘ ہمارے جسم سے 21 یا 67 گرام زندگی خارج ہوتی ہے اور ہم فوت ہو جاتے ہیں‘میں نے پچھلے دنوں ایک مضمون پڑھا جو ڈاکٹر ابراہام کی تھیوری پر بنی تھی اور اس میں بھی انسانی روح کو 21 گرام قرار دیا گیا تھا لہٰذا اگر ہم فرض کر لیں ہمارے جسم ميں بھاگنے دوڑنے والی زندگی کا وزن محض 21 گرام ہے ۔ تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے ان 21 گراموں میں ہماری خواہشوں کا وزن کتنا ہے
اس میں ہماری نفرتیں
ہمارے ارادے
ہمارے منصوبے
ہماری ہیرا پھیریاں
ہمارے سمجھوتے
ہماری چالاکیاں
ہمارے لالچ
ہماری سازشیں
اور ہماری ابد تک زندہ رہنے کی تمنا کتنے گرام ہے‘ان 21 گراموں میں
ہماری ہوس
ہماری لبرل ازم
ہماری آزاد خیالی
اور ہماری بہادری کا کتنا وزن ہے
ان 21 گراموں میں ہمارے
حوصلے
ہماری قوت برداشت
ہماری جرآت
ہماری خوشامد
ہماری پھرتیوں
ہماری عقل
اور ہماری فہم کا کتنا حصہ ہے
ان 21 گراموں میں ہماری سمارٹ نس
ہماری الرٹ نس
ہم اپنی اگلی نسل کو بادشاہ بنانا چاہتے ہیں
ہم اپنی ساری دولت شفٹ کرنا چاہتے ہیں
ہم نے خوشامد کو آرٹ کی شکل دے دی ہے
ہم روزانہ لاکھوں لوگوں کو بے وقوف بناتے ہیں
ہم ایک منٹ میں دس دس مرتبہ ضمیر کا سودا کرتے ہیں‘ ہم صرف اپنا اقتدار بچانے کیلئے چھ چھ سو جھوٹ بولتے ہیں
ہم داڑھی اور نماز کو خوف کی شکل دے رہے ہیں
اور ہم ظالم سے نفرت کرنے والے ہر شخص کو مجرم سمجھتے ہیں
سوال پیدا ہوتا ہے ہماری ان
ساری سوچوں
ہمارے ان سارے خیالات
اور ہماری ان ساری خواہشوں کا وزن کتنا ہے
اور ان 21 گراموں میں ہماری گردن کی اکڑ
ہمارے لہجے کے تکبر
اور ہماری نظر کے غرور کا بوجھ کتنا ہے
اور ہم ان21 گراموں کی مدد سے قدرت کا کتنی دیر تک مقابلہ کر سکتے ہیں
ہم ان 21 گراموں کے ذریعے قدرت کے فیصلوں سے کتنی دیر بچ سکتے ہیں
یہ 21 گرام ہمیں کتنی دیر تک وقت کی آنچ سے بچا سکتے ہیں
یہ21 گرام کب تک ہمارے غرور کی حفاظت کر سکتے ہیں اور یہ 21 گرام ہمارے منصوبوں اور ہماری خواہشوں کی کتنی دیر نگہبانی کر سکتے ہیں۔
میں نے کسی جگہ پڑھا تھا ۔۔۔ تبت کے لوگ 21 گراموں کی اس زندگی کو موم سمجھتے ہیں لہٰذا یہ لوگ صبح کے وقت موم کے دس بیس مجسمے بناتے ہیں اور یہ مجسمے اپنی دہلیز پر رکھ دیتے ہیں‘ ان میں سے ہر مجسمہ ان کی کسی نہ کسی خواہش کی نمائندگی کرتا ہے ¾ دن میں جب سورج کی تپش میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ مجسمے پگھلنے لگتے ہیں حتیٰ کہ شام تک ان کی دہلیز پر موم کے چند آنسوﺅں کے سوا کچھ نہیں بچتا‘ یہ لوگ ان آنسوﺅں کو دیکھتے ہیں اور اپنے آپ سے پوچھتے ہیں ”کیا یہ تھیں میری ساری خواہشیں“ اور اس کے بعد ان کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں
اور یہ کائنات کی اس طاقت کے سامنے سجدہ ریز ہو جاتے ہیں جو ہمارے 21 گرام کی اصل مالک ہے ‘ جس کے حکم سے ہماری سانسیں چلتی ہیں اور ہمارے قدم اٹھتے ہیں ‘ میں نے کسی جگہ پڑھا تھا ہمارے بدن میں ایک منٹ میں 87 کروڑ حرکتیں ہوتی ہیں‘ ہمارے ذہن میں ایک دن میں 68 ہزار خیال آتے ہیں‘ ہم ایک دن میں دس ہزار منصوبے بناتے ہیں لیکن اگلے دن یہ سارے خیال‘ یہ سارے منصوبے اور یہ ساری کروٹیں ہمارے ذہن کی بھول بھلیوں میں گم ہو جاتی ہیں‘ ہمارے یہ سارے خیال‘ یہ سارے منصوبے اور یہ ساری حرکتیں بھی انہی 21 گراموں کی مرہون منت ہیں لیکن آپ انسان کا کمال دیکھئے ڈیڑھ سو گرام گندم‘ 8 اونس انگور اور کسی ایک وزیر کی خوشامد اس کے 21 گراموں کو خدا بنا دیتی ہے۔ یہ خدا کے لہجے میں بولنا شروع کر دیتا ہے‘ یہ اپنی ذات کو دنیا کی بقا قرار دے دیتا ہے‘ یہ خود کو ناگزیر سمجھنے لگتا ہے ‘ہم سب کیا ہیں؟
محض 21 گرام‘ محض ایک سانس
محض ایک ہچکی‘
محض ایک چھینک
محض ایک جھٹکا
محض ایک بریک
محض دماغ کا ایک شارٹ سرکٹ
اور محض دل کے اندر اٹھتی ہوئی ایک لہر
اور بس‘ ہم نے کبھی سوچا 21 گرام کتنے ہوتے ہیں‘21 گرام لوبیا کے 14 دانے ہوتے ہیں
ایک چھوٹا ٹماٹر
پیاز کی ایک پرت
ریت کی چھ چٹکیاں
اور پانچ ٹشو پیپر ہوتے ہیں
یہ ہیں ہم اور یہ ہے ہماری اوقات لیکن ہم بھی کیا لوگ ہیں‘ ہم 21 گرام کے انسان خود کو کھربوں ٹن وزنی کائنات کے خدا سمجھتے ہیں
Comments
Post a Comment