اعمال ایسے کہ اللّٰہ کی طرف سے فرشتے اتریں اور دعا کریں
پہلی صف والوں کے لیے فرشتوں کی دعا
سیدنا براء بن عازبؓ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا میں نے رسول اللّٰہﷺ سے سنا ہے کہ آپ نے فرمایا اللّٰہ تعالیٰ پہلی صف والوں پر رحمت نازل فرماتا اور فرشتے ان کے لئے دعائے خیر کرتے ہیں (سنن ابن ماجه : ٩٩٧، صححه الألباني)
جو نمازی نماز کے بعد اپنی جگہ پر ہی ٹھہرے اور اپنی جگہ نہ چھوڑے
سيدنا أبو هريرةؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی شخص جب تک اس جگہ رہتا ہے جہاں اس نے نماز پڑھی ہے تو فرشتے اس کے حق میں دعا کرتے رہتے ہیں وہ کہتے ہیں اے اللّٰہ اس پر رحم فرما اے اللّٰہ اس کی توبہ قبول فرما جب تک وہ اس جگہ (پر کسی کو) تکلیف نہیں پہنچاتا اور جب تک وہ اس جگہ بےوضو نہیں ہوتا
(صحيح مسلم : ٦٤٩)
مریض کی عیادت کرنے والوں کے لیے فرشتوں کا نزول اور دعا
أمير المؤمنين سيدنا علي بن أبی طالبؓ فرماتے ہیں کہ جو شخص کسی بیمار کی دن کے اخیر حصے میں عیادت کرتا ہے اس کے ساتھ ستر ہزار فرشتے نکلتے ہیں اور فجر تک اس کے لیے مغفرت کی دعا کرتے ہیں اور اس کے لیے جنت میں ایک باغ ہوتا ہےاور جو شخص دن کے ابتدائی حصے میں عیادت کے لیے نکلتا ہے اس کے ساتھ ستر ہزار فرشتے نکلتے ہیں اور شام تک اس کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں اور اس کے لیے جنت میں ایک باغ ہوتا ہے
(سنن أبي داود : ٣٠٩٨، صححه الألباني)
اللّٰہ تعالیٰ کے لیے کسی بھائی سے ملاقات پر فرشتوں کا نزول اور دعا
سيدنا أبو هريرةؓ بیان کرتے ہیں رسول اللّٰہﷺ نے فرمایا ایک شخص اپنے بھائی سے ملنے کے لیے گیا جو دوسری بستی میں تھا اللّٰہ تعالیٰ نے اس کے راستے پر ایک فرشتے کو اس کی نگرانی (یا انتظار) کے لیے مقرر فرما دیا جب وہ شخص اس (فرشتے) کے سامنے آیا تو اس نے کہا کہاں جانا چاہتے ہو؟
اس نے کہا میں اپنے ایک بھائی کے پاس جانا چاہتا ہوں جو اس بستی میں ہے اس نے پوچھا کیا تمہارا اس پر کوئی احسان ہے جسے مکمل کرنا چاہتے ہو؟
اس نے کہا نہیں بس مجھے اس کے ساتھ صرف اللّٰہ کی خاطر محبت ہے اس نے کہا تو میں اللّٰہ ہی کی طرف سے تمہارے پاس بھیجا جانے والا قاصد ہوں کہ اللّٰہ کو بھی تمہارے ساتھ اسی طرح محبت ہے جس طرح اس کی خاطر تم نے اس (بھائی) سے محبت کی ہے
(صحيح مسلم : ٢٥٦٧)
پیٹھ پیچھے کسی مسلمان بھائی کے لیے دعا کرنے پر فرشتے کی دعا
سيدنا أبو الدرداءؓ سے روایت ہے رسول اللّٰہﷺ نے فرمایا مسلمان کی اپنے بھائی کے لیے اس کی پیٹھ پیچھے کی گئی دعا قبول ہوتی ہے اس کے سر کے قریب ایک فرشتہ مقرر ہوتا ہے وہ جب بھی اپنے بھائی کے لیے دعائے خیر کرتا ہے تو مقرر کیا ہوا فرشتہ اس پر کہتا ہے آمین اور تمہیں بھی اسی کے مانند عطا ہو (صحيح مسلم : ٢٧٣٣)
نیکی و بھلائی کی تعلیم دینے والے کے لیے فرشتوں اور دیگر مخلوقِ الٰہی کی دعائیں
سيدنا أبو أمامة الباهلیؓ سے روایت ہے کہ رسول اللّٰہ نے فرمایا اللّٰہ اور اس کے فرشتے اور آسمان اور زمین والے یہاں تک کہ چیونٹیاں اپنی سوراخ میں اور مچھلیاں اس شخص کے لیے جو نیکی و بھلائی کی تعلیم دیتا ہے خیر و برکت کی دعائیں کرتی ہیں
(سنن الترمذي : ٢٦٨٥، صححه الألباني)
با وضو سونے والے کے لیے فرشتے کا نزول
سيدنا عبداللّٰہ بن عمرؓ سے روایت ہے رسول اللّٰہﷺ نے فرمایا جو شخص با وضو سوئے تو اس کے ہمراہ ایک فرشتہ ہوتا ہے جب بھی وہ بیدار ہوتا ہے تو فرشتہ کہتا ہے اے اللّٰہ اپنے فلاں بندے کو بخش دے یقیناً وہ حالت طہارت میں سویا تھا
(صحيح ابن حبان : ١٠٥١، حسَّنه الألباني)
سحری کا کھانا کھانے والوں کے لیے فرشتوں کی دعا اور اللّٰہ کی رحمت
سيدنا عبداللّٰہ بن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللّٰہﷺ نے فرمایا بے شک اللّٰہ تعالیٰ اور فرشتے سحری کھانے والوں پر رحمت کرتے ہیں
(یعنی اللّٰہ تعالیٰ رحمت بھیجتا ہے اور فرشتے رحمت کے نزول کی دعا کرتے ہیں)
(صحيح الترغيب : ١٠٦٦، حسن صحيح)
Comments
Post a Comment