1404) سات سوالوں کے جواب ؟


سات سوالوں کے جواب ؟

سوال نمبر ۔1 ... جنت کہاں ہے؟ 

جواب ... جنت ساتوں آسمانوں کے اوپر ساتوں آسمانوں سے جدا ہے کیونکہ ساتوں آسمان قیامت کے وقت فنا اور ختم ہونے والے ہیں جبکہ جنت کو فنا نہیں ہے وہ ہمیشہ رہے گی جنت کی چھت عرشِ رحمٰن ہے

سوال نمبر دو ۔2 ... جہنم کہاں ہے؟ 

جواب ... جہنم ساتوں زمین کے نیچے ایسی جگہ ہے جس کا نام "سجین" ہے . جہنم جنت کے بازو میں نہیں ہے . جیسا کہ بعض لوگ سوچتے ہیں . جس زمین پر ہم رہتے ہیں یہ پہلی زمین ہے،اس کے علاوہ چھ زمینیں اور ہیں جو ہماری زمین کے نیچے ہماری زمین سے علیحدہ اور جدا ہیں

سوال نمبر تین ۔3 ... سدر ة المنتهٰی کیا ہے؟

جواب ... سدرة عربی میں بیری اور بیری کے درخت کو کہتے ہیں . المنتہی یعنی آخری حد،یہ بیری کا درخت وہ آخری مقام ہےجو مخلوقات کی حد ہے.اس سے آگے حضرت جبرئیل بھی نہیں جا پاتے ہیں. سدرة المنتهی ایک عظیم الشان درخت ہے،اس کی جڑیں چھٹے آسمان میں اور اونچائیاں ساتویں آسمان سے بھی بلند ہیں،اس کے پتے ہاتھی کے کان جتنےاور پھل بڑے گھڑے جیسے ہیں،اس پر سنہری تتلیاں منڈلاتی ہیں ،یہ درخت جنت سے باہر ہے.رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے حضرت جبریل علیہ السلام کو اسی درخت کے پاس ان کی اصل صورت میں دوسری مرتبہ دیکھا تھا،جبکہ آپ صلى الله عليه وسلم نے انہیں پہلی مرتبہ اپنی اصل صورت میں مکہ مکرمہ میں مقام اجیاد پر دیکھا تھا

سوال نمبر چار ۔4 ... حور عین کون ہیں؟ 

جواب ... حور عین جنت میں مومنین کی بیویاں ہوں گی،یہ نہ انسان ہیں نہ جن ہیں اور نہ ہی فرشتہ ہیں،اللہ تعالیٰ نے انہیں مستقل پیدا کیا ہے،یہ اتنی خوبصورت ہیں کہ اگر دنیا میں ان میں سے کسی ایک کی محض جھلک دکھائی دے جائے،تو مشرق اور مغرب کے درمیان روشنی ہو جائے.حور عربی زبان کا لفظ ہے ،اور حوراء کی جمع ہے،اس کے معنی ایسی آنکھ جس کی پتلیاں نہایت سیاه ہوں اور اس کے اطراف نہایت سفید ہوں.اور عین عربی میں عیناء کی جمع ہے اس کے معنی ہیں بڑی بڑی آنکھوں والی

سوال نمبر پانچ ۔5 ... ولدان مخلدون کون ہیں؟

جواب ... یہ اہل جنت کے خادم ہیں،یہ بھی انسان یا جن یا فرشتے نہیں ہیں،انہیں اللہ تعالیٰ نے اہل جنت کی خدمت کے لئے مستقل پیدا کیا ہے،یہ ہمیشہ ایک ہی عمر کے یعنی بچے ہی رہیں گے،اس لیے انہیں "الولدان المخلدون" کہا جاتا ہے.سب سے کم درجہ کے جنتی کو دس ہزار ولدان مخلدون عطا ہوں گے

سوال نمبر چھ ۔6 ... اعراف کیا ہے؟ 

جواب ... جنت کی چوڑی فصیل کو اعراف کہتے ہیں.اس پر وہ لوگ ہوں گےجن کے نیک اعمال اور برائیاں دونوں برابر ہوں گی،ایک لمبے عرصہ تک وہ اس پر رہیں گے اور اللہ سے امید رکھیں گے کہ اللہ تعالیٰ انہیں بھی جنت میں داخل کر دے.انہیں وہاں بھی کھانے پینے کے لیے دیا جائے گا،پھر اللہ تعالیٰ انہیں اپنے فضل سے جنت میں داخل کر دے گا

سوال نمبر سات ۔7 ... قیامت کے دن کی مقدار اور لمبائی کتنی ہے؟

جواب ... پچاس ہزار سال كے برابر . جیسا کہ قرآن مجید میں ارشاد ہے

تعرج الملئكة و الروح اليه في يوم كان مقداره خمسين الف سنة

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ

"قیامت کے پچاس موقف ہیں، اور ہر موقف ایک ہزار سال کا ہو گا."

جب آیت

"یوم تبدل الأرض غیر الأرض و السماوات"

نازل ہوئی تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے پوچھا کہ"یا رسول اللہ جب یہ زمین و آسمان بدل دئیے جائیں گے تب ہم کہاں ہوں گے"؟

آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا تب ہم پل صراط پر ہوں گے پل صراط پر سے جب گزر ہوگا اس وقت صرف تین جگہیں ہوں گے

جہنم ... جنت ... پل صراط

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا

"سب سے پہلے میں اور میرے امتی پل صراط کو طے کریں گے "

پل صراط کی تفصیل

قیامت میں جب موجودہ آسمان اور زمین بدل دئے جائیں گے اور پل صراط پر سے گزرنا ہوگا وہاں صرف دو مقامات ہوں گے جنت اور جہنم ... جنت تک پہنچنے کے لیے لازماً جہنم کے اوپر سے گزرنا ہوگا.جہنم کے اوپر ایک پل نصب کیا جائے گا،اسی کا نام" الصراط "ہے،اس سے گزر کر جب اس کے پار پہنچیں گے وہاں جنت کا دروازہ ہوگا،وہاں نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم موجود ہوں گے اور اہل جنت کا استقبال کریں گے

پل صراط درج ذیل صفات کا حامل ہوگا

۔1.. بال سے زیادہ باریک ہوگا -2... تلوار سے زیادہ تیز ہو گا -3... سخت اندھیرے میں ہوگا

اس کے نیچے گہرائیوں میں جہنم بهی نہایت تاریکی میں ہوگی سخت بپھری ہوئی اور  غضبناک ہوگی

۔4- گناہ گار کے گناہ اس پر سے گزرتے وقت مجسم اس کی پیٹھ پر ہوں گے،اگر اس کے گناہ زیادہ ہوں گےتو اس کے بوجھ سے اس کی رفتار ہلکی ہو گی،اللہ تعالیٰ ہمیں اس صورت سے اپنی پناہ میں رکھے اور جو شخص گناہوں سے ہلکا ہوگا تو اس کی رفتار پل صراط پر تیز ہوگی

۔5- اس پل کے اوپر آنکڑے لگے ہوئے ہوں گےاور نیچے کانٹے لگے ہوں گےجو قدموں کو زخمی کرکے اسے متاثر کریں گے.لوگ اپنی بد اعمالیوں کے لحاظ سے اس سے متاثر ہوں گے

۔6- جن لوگوں کی بے ایمانی اور بد اعمالیوں کی وجہ سے ان کے پیر پھسل کر وہ جہنم کے گڑهے میں گر رہے ہوں گے ان کی بلند چیخ و پکار سے پل صراط پر دہشت طاری ہوگی

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم پل صراط کی دوسری جانب جنت کے دروازے پر ہوں گے

جب تم پل صراط پر پہلا قدم رکھ رہے ہوگے

آپ صلی اللہ علیہ و سلم تمہارے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے کہیں گے"

یا رب سلم، یا رب سلم

لوگ اپنی آنکھوں سے اپنے سامنے بہت سوں کو پل صراط سے گرتا ہوا دیکھیں گے اور بہت سوں کو دیکھیں گے کہ وہ اس سے نجات پا گئے ہیں.بندہ اپنے والدین کو پل صراط پر دیکھے گا لیکن ان کی کوئی فکر نہیں کرے گا،وہاں تو بس ایک ہی فکر ہوگی کہ کسی طرح خود پار ہو جائے.روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا قیامت کو یاد کر کے رونے لگیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے پوچھا:عائشہ کیا بات ہے؟

حضرت عائشہ نے فرمایا: مجهے قیامت یاد آگئی، یا رسول اللہ کیا ہم وہاں اپنے والدین کو یاد رکھیں گے؟

کیا وہاں ہم اپنے محبوب لوگوں کو یاد رکھیں گے؟

آپ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:ہاں یاد رکھیں گے،لیکن وہاں تین مقامات ایسے ہوں گے

جہاں کوئی یاد نہیں رہے گا

۔(1) جب کسی کے اعمال تولے جائیں گے

۔(2) جب نامہ اعمال دیئے جائیں گے

 ۔(3) جب پل صراط پر ہوں گے.

یا اللہ ہمیں ان خوش نصیبوں میں کر دیجئے جو پل صراط کو آسانی سے پار کر لیں گے ... اے پروردگار ہمارے لئے اپنے فضل،کرم اور رحم والےحسن خاتمہ کا فیصلہ فرمائیے. آمین

Comments